پشاور میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کردیا

پشاور: پشاور میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کردیا ہے، نان بائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھا کر15 روپے کردی ہے، ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمت10 روپے مقرر کررکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں نان بائیوں نے آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد روٹی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کردیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے110 گرام کی روٹی کی قیمت 10روپے مقرر کررکھی ہے۔

لیکن نان بائیوں نے روٹی کی قیمت 15 روپے وصول کرنا شروع کردی ہے۔ جس سے شہریوں کو دووقت کی روٹی کھانا بھی محال ہوگیا ہے۔نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹا، لکڑی اور گیس مہنگی ہے، 15 روپے روٹی فروخت کرنا بھی ان نقصان ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا۔

اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے تحت مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل 46 روپے فی لٹر تک مہنگے ہوچکے ہیں جب کہ گھی کی قیمت میں 34 روپے تک فی کلو اضافہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ بچوں کا خشک دودھ 10 سے 40 روپے تک مہنگا کیا گیا ہے جب کہ شیمپو کی بوتل 4 سے 20 روپے اور کپڑے دھونے کا سرف 6 سے 45 روپے تک مہنگا کردیا گیا ، نہانے کئے صابن کی قیمت میں 3 سے 7 روپے اضافہ ہوچکا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

اس سے پہلے بھی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 3 بنیادی اشیا ضروریہ مزید مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 3 بنیادی اشیا مہنگی کرنے کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی ، جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 68 کی بجائے 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی،

اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کردیا گیا اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 950 روپے کردی گئی جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 170 روپے فی کلو کی قیمت پر ملنے والے گھی کی نئی قیمت 260 روپے مقرر کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں