بجلی سستی ہوگئی، صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ریلیف ملے گا

اسلام آباد : مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی سستی کردی گئی ، صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ریلیف ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی 21 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے ، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ، صارفین کو اس حوالے سے آئندہ ماہ کے بلوں میں ریلیف ملے گا تاہم اس فیصلے کا اطلاق لائف لائن، زرعی اور کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

دوسری جانب نان ٹیکس فائلر بجلی صارفین کے بلوں پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کردیا گیا ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یکم جولائی سے مخصوصی صارفین پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے ، لیسکو کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کے فیصلے کے تحت یکم جولائی سے وہ تمام صارفین جو ٹیکس فائلر نہیں ہیں، اگر ان کا بجلی کا بل 25 ہزار روپے سے زائد ہوا، تو ان پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ یکم جولائی 2021 سے 25 ہزار روپے سے زائد کے بل والے صارفین کو ساڑھے 7 فیصد اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا ہوگا تاہم اگر بجلی صارف ٹیکس فائلر ہے تو 25 ہزار یا اس سے زائد کا بل آنے کے باوجود اس پر کوئی اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا، نان ٹیکس فائلر بجلی صارفین پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیے جانے کے حوالے سے وزارت توانائی کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا،
جب کہ گزشتہ ماہ بجٹ پیش کرنے کے دوران یا اس کے بعد وفاقی وزیر شوکت ترین نے بھی اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا تھا اس صورتحال میں بجلی صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیسکو اعلامیہ کے حوالے سے متعلقہ وزارت کے حکام وضاحت جاری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں