nawaijang

فیصل مسجد اسلام آباد سیل کر دی گئی

اسلام آباد : فیصل مسجد اسلام آباد سیل کر دی گئی، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کا ایکشن، مسجد انتظامیہ پر جرمانہ بھی عائد۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ملک کی مشہور ترین فیصل مسجد کو جمعہ کے روز سیل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جمعہ کے روز کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے ناصرف فیصل مسجد کو سیل کر دیا بلکہ مسجد انتظامیہ پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا۔

اس سے قبل صدر عارف علوی نے عید الاضحی کے موقع پر فیصل مسجد، اسلام آباد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کیا تھا ۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے معاملے پر سیکرٹری وزارت داخلہ کو خط ارسال کیا گیا، وزارت صحت اور مذہبی امور کو بھی نقول ارسال کی گئیں۔

خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ عید کی نماز کے دوران فیصل مسجد میں کورونا ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی پر صدر مملکت نے نوٹس لیا ، خط میں کہاگیاکہ کورونا کی چوتھی لہر کے اثرات کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے سخت اقدامات ازحد ضروری ہیں، متعلقہ اداروں کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔

خط میں کہاگیا کہ احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں