zulfiqar mirza

سندھ کی سیاست میں ہلچل، ذوالفقار مرزا کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعظم عمران خان کے معاون کی ذوالفقار مرزا سے اہم ملاقات ہوئی۔سندھ کی سیاست میں اہم ملاقات کے بعد بڑی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔یہ ملاقات سابق وزیرداخلہ سندھ کی موجودہ گورنر سے ہوئی۔ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ذوالفقار مرزا کی ملاقات پونے گھنٹے تک جاری رہی۔

جس میں وزیراعظم کے مشیر محمود مولوی بھی شامل تھے۔جبکہ ذوالفقار مرزا کے ساتھ ان کی اہلیہ اور وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا بھی موجود تھیں۔ملاقات میں سندھ کی سیاست پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ اس موقع پر ذوالفقار مرزا کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی۔ ذوالفقار مرزا نے حکمراں جماعت تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا اور سوچنے کے لیے وقت مانگا۔

اس سے قبل سابق وزیر اعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عیدالاضحٰی کے بعد سندھ میں اہم سیاسی اکھاڑ پچھاڑ ہونے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو سندھ میں پیپلزپارٹی کو سخت ٹف ٹائم دینے کے لیے سیاسی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو سندھ کے نئے گورنر لگانے کی تیاری کی جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر رابطوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں