سب کچھ نشے میں کیا، اسلام آباد میں نوجوان جوڑے پر تشدد کرنے والے ملزم کا بیان

اسلام آباد : اسلام آباد میں نوجوان جوڑے پر تشدد اور بدسلوکی کے واقعے کے مرکزی ملزم عثمان مرزا کا بیان سامنے آیا ہے۔ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کا اپارٹمنٹ تھا جس کی چابیاں اس کے کچھ دوستوں کے پاس بھی ہوتی تھیں۔ایک شام وہاں جانے پر وہاں یہ لڑکا لڑکی ملے،ملزم نے اعتراف کیا کہ اس وقت وہ شراب کے نشے میں تھے اس لیے اس نے جو کچھ کیا نشے کی حالت میں کیا۔

ایس ایچ او غفار کے مطابق ملزم نے تشدد اور بدسلوکی کا اعتراف کیا ہے تاہم زیادتی کے الزامات سے انکار کیا ہے۔پولیس کے مطابق وہ متاثرہ لڑکی تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ مزید تفصیلات لی جا سکیں اور زیادتی کے الزامات کی تفتیش کی جا سکے۔اگر لڑکی مزید کارروائی کرنا چاہتی ہے تو وہ عمل میں لائی جائے۔

ملزم عثمان مرزا کے خلاف سی آئی اے سے ممکنہ کرمنل ریکارڈ کو طلب کر لیا گیا،اور اگر یہ کسی مقدمے میں ملوث یا اشتہاری پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص لڑکے اور لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے جب کہ وہ لڑکے کو مارتے ہوئے مغلظات بھی بک رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ویڈیو آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان تک پہنچ گئی، تو انہوں نے وقوعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کو گرفتارکرنے کا حکم دیا، جس پر اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عثمان مرزا کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا۔اس کے بعد واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں