گورنر سندھ عمران اسماعیل تفریح کے لئے نانگاپربت پہنچ گئے

نانگا پربت : گورنر سندھ عمران اسماعیل تفریح کے لئے نانگاپربت پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں سیاحت کو ترجیح دینے پر خاص فوکس کیا جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان ملک میں سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں۔وزیر اعظم کے مطابق کسی بھی ملک کی ترقی میں سیاحت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

اور لگتا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ساتھ اُن کے کھلاڑی بھی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی تفریح کے لیے خوبصورت اور معروف مقام نانگاپربت پہنچ گئے۔انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ اور یورپ جا کر اپنے پیسے ضائع کرتے ہیں جبکہ پاکستان خوبصورت مقامات سے بھرا پڑا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نانگاپربت میں منفی درجہ حرارت ہے اور انتہائی خوبصورت مقام ہے۔
عمران اسماعیل نے عوام سے کہا کہ تمام پاکستانی خوبصورتی کو دیکھنے ان مقامات پر آئیں۔راما جھیل سے پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے ہم نے زندگی ضائع کر دی اور ہم یہاں پر نہیں آئے۔میری پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کو بھی نصیحت ہے کہ اگر خوبصورتی دیکھنی ہے تو پاکستان کے مقامات دیکھیں۔

۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ملک میں سیاحت کے فروغ کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے قومی ایئرلائن کی جانب سے ائیر سفاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پی آئی اے کی پرواز گزشتہ روز13 ملکوں کی شہریت رکھنے والے درجنوں مسافروں کو لے کر خوبصورت پہاڑی چوٹیوں سے گزر کر اسکردو پہنچ گئی تھی۔ غیر ملکی مہمانوں نے پاکستان کے حسین پہاڑی سلسلے کو دیکھنے کے لیے نہایت جوش و خروش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر بھی ذاتی حیثیت میں سیاحوں میں شامل ہیں۔ ایئر سفاری پرواز پاکستان کی خوبصورت پہاڑی چوٹیوں کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک، اور جھیل سیف الملوک سے گزر کر اسکردو میں لینڈ کرے گی۔

ترجمان کے مطابق ان دلکش نظاروں کے لیے صاف موسم انتہائی ضروری تھا، اس لیے ایئر سفاری کی ‏افتتاحی پرواز 12 جون کے بجائے 19 جون کو روانہ کی گئی۔ پی آئی اے کے مطابق ایئر سفاری کے لیے یکطرفہ کرایہ 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں