لاہور:کرائے دار کی گھر خالی کرنے پر مالک مکان کی فیملی پر فائرنگ

لاہور : لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کرایے دار نے گھر خالی کرنے کا کہنے پر مالک مکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میاں بیوی زخمی ہو گئے جبکہ ان کی کمسن بچی جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں واقع کامران پارک کے قریب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کرائے دار نے مالک مکان کے اہلخانہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے دو سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔جبکہ میاں ، بیوی اور بیٹا زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص اختر کا کرائے دار ہے۔مالک مکان نے ملزم شہباز کو مکان خالی کرنے کہا جس پر اس نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔دوسری جانب لاہور میں ہی پسند کی شادی کرنے والی 26 سالہ لڑکی کو اس کے اپنے ہی بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کر ڈالا۔۔ پولیس نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ 26 سالہ کومل نے 7 ماہ پہلے چچا کے داماد سے پسند کی شادی کی تھی، والدین سے ملنے میکے آئی تو چھوٹے بھائی علی حیدر نے اسے گلہ دبا کر مار ڈالا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس نے کہا کہ فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں