تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند ،تربیلا سے 3 ہزار میگا واٹ پیداوار میں کمی کا سامنا

لاہور : تربیلا ڈیم میں سلٹ آنے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی ہے۔ سلٹ سے مشینری کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پہلے ہی بڑھ چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم میں سلٹ آنے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی، ذرائع کے مطابق سلٹ سے مشینری کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، تربیلا سے 3 ہزار میگا واٹ پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق مجموعی شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے زائد ہوگیا جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے۔ تربیلا سے پیداوار آنے میں 2 دن کا وقت لگے گا۔ لیسکو حکام کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گئی، بجلی کی سپلائی 4 ہزار میگا واٹ کے قریب ہے۔

خیال رہے کہ ایک طرف جہاں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں دوسری جانب غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی جا رہی ہے جس نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ملک میں بجلی کا بحران شدید ہو گیا۔مجموعی شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے،متعدد علاقوں میں غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔عوام لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

وزرات توانائی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شارٹ فال 1500 میگا واٹ ہے اور لوڈ شیڈنگ بھی کم ہو رہی ہے۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا سسٹم اوور لوڈڈ ہے،80 فیصد ٹرانسفرمر اوور لوڈڈ ہیں، طلب بڑھنے کے باعث فیڈرز ٹرپ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے اکثر علاقوں میں ابر رحمت برسنے کی نوید سنا رکھی ہے۔ جمعرات کی رات سے اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، سیالکوٹ، گجرنوالہ سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر و گلگت بلتستان میں ہفتہ و اتوار کو بارش جم کر برسے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں