شیخ رشید کا حامد میر کے پروگرام کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان

اسلام آباد :وفاقی وزیر شیخ رشید نے سینئر صحافی حامد میر کے پروگرام کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حامد میر کے پروگرام میں کبھی نہیں جاؤں گا،بعض لوگ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے ایجنسیوں پر الزام لگارہے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صحافی اسد طور پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں ، اسد طور کیس میں حقیقت کے قریب پہنچ جائیں گے ، نادرا، ایف آئی اے اور پولیس معاملے پر کام کررہی ہے ، اگر ملزمان ٹریس نہ ہوئے تو اشتہار دیں گے ، ملزمان کو پکڑنا ضروری ہے کیونکہ اداروں کو بدنام کیاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا ، ایف آئی اے اور پولیس کیس کی تحقیقات کررہی ہیں ، کیس میں اشتہار دینے جارہے ہیں، اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنا ضروری ہے کیوں کہ ایسے واقعات کے ذریعے حساس اداروں پر خاص مقصد کے لئے الزام لگایا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے ، فنگر پرنٹس کی رپورٹ کل تک آجائے گی، واقعے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں ، ملزموں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے، میرے دور میں سائبر کرائم کے 36 ہزار کیسز سامنے آئے ، جن میں سے 5 ہزار انکوائریاں مکمل کرلی ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید ٹیکنالوجی دی جائے ، اس کے علاوہ ہم نادرا میں بھی بہتری چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض لوگ بلاوجہ اداروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی سے پاکستان کا تشخص مجروح ہورہا ہے، اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے لوگ ایجنسیوں پر الزام لگارہے ہیں، انہیں معلوم نہیں اس سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے متعلق وال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے ، اب سب میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں ، 2 جماعتیں اس اتحاد سے نکل گئیں ہیں اور 2 جماعتیں اس میں شامل ہیں، جب کہتا تھا ن سے ش نکلے گی تب لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں