وزارت صحت نے پاکستان میں بھارتی کورونا ویرینٹ کی تصدیق کردی

اسلام آباد : وزارت قومی صحت نے پاکستان میں بھارتی کورونا ویرینٹ کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے 7 اور بھارتی قسم کے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ، مئی کے پہلے 3 ہفتوں میں حاصل کردہ نمونوں سے وائرس کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد نمونوں کی جانچ قومی ادارہ صحت میں کی گئی۔

وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کی بھارتی قسم کا یہ ملک میں پہلا کیس ہے ، بھارتی اور جنوبی افریقی کیسز کی ٹریسنگ بھی شروع کر دی گئی ہے، وائرس کی عالمی اقسام کی موجودگی کے باعث گائیڈ لائنز پر عمل کی ضرورت ہے ، اس کے علاوہ ماسک کے استعمال اور کورونا ویکسی نیشن کی بھی ضرورت ہے۔ اسی حوالے سے سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا نے کراچی میں کورونا وائرس کی جنوبی افریقی قسم کے تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کی ہے،

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 57 افراد کے نمونوں پرسیرولوجیکل تحقیق کی گئی جن میں سے کراچی میں 71 فیصد کیسز کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے رپورٹ ہوئے اور 20 فیصد کیسز برطانوی قسم کے ہیں ، صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب کورونا کی جنوبی افریقی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور زیادہ تر کیسز 2 سال سے کم عمر کے بچوں میں رپورٹ ہورہے ہیں ، وزیر صحت نے مزید کہا کہ والدین اپنے آپ کو ویکسین لگوائیں تاکہ بچوں سے ان کو وائرس نہ لگے۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہو گئی ہے، جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 607 ہوگئی ، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 784 ہوگئی ،
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 37 ہزار 775، سندھ میں 3 لاکھ 14 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 31 ہزار 411، بلوچستان میں 24 ہزار 908، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 545، اسلام آباد میں 80 ہزار 927 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 60 کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار 951 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 625 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 34 ہزار 566 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ 4 ہزار 132 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار925افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار988، خیبرپختونخوا4ہزار25، اسلام آباد 753، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 273 اور آزاد کشمیر میں 536 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں