مائرہ قتل کیس میں بڑی پیش رفت،قاتل کی نشاندہی ہو گئی

لاہور: مائرہ قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی کے قتل میں زیر حراست ملزم ظاہر جدون نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم ظاہر جدون نے پولیس کو بیان دیا کہ مقتولہ نشے میں تھی تو اس کے ساتھ جھگڑا ہوا۔دونوں کے درمیان عرصہ دراز سے دوستی تھی۔ملزم کے مطابق مائرہ کے قتل کا علم اس کی دوست کو بھی تھا۔

مقتولہ کی فیملی سمجھ رہی تھی کہ وہ دبئی میں موجود ہے۔اس کا اپنی فیملی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا۔مقتولہ نے ویڈیو کی وجہ سے بلیک میل کرنا بھی شروع کر رکھا تھا۔بلیک میلنگ سے تنگ آکر ہی مائرہ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔مائرہ کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوکر اسلام آباد پہنچ گیا تھا وہیں پر عبوری ضمانت حاصل کرلی تھی۔

قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا تھا کہ مائرہ مرڈر کیس کے اصل حقائق کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے لاہور پولیس شب و روز کوشاں ہے اور بہت جلد اصل مجرمان کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا۔

انہوں نے کیس کی تفتیش میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کا جائرہ لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور اور ایس پی سی آئی اے لاہور کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی تفتیش جلد از جلد اپنی نگرانی میںمکمل کروائیں ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ قتل کی رات پیش آنے والے واقعات سمیت تما م پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے جبکہ تمام شواہد اور ریکارڈ کو تفتیش کا حصہ بناتے ہوئے واقعہ کے اصل حقائق کو جلد از جلد بے نقاب کیا جائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تفتیش میں ہونے والی تمام پراگریس کی رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے جبکہ کیس کی تفتیش میں ہونے والی پراگریس کو میں خود بھی مانیٹر کر تا رہوں گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں