حکومت کا 40 اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا فیصلہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کل سے کورونا ویکسین کے لیے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کر دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا،اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے کل سے 40 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے۔

اسد عمر کے مطابق پچاس سے ساٹھ سال کی عمر کے رجسٹرڈ افراد کو واک ان ویکسینیشن کی اجازت دے دی گئی ہے ۔اسد عمر نے کہا کہ اگر آپ کی عمر چالیس سال یا اس سے زائد ہے تو ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کروائیں۔اسد عمر نے مزید کہا کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے، ان اسپتالوں میں گنجائش مزید زیادہ کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر وینٹی لیٹر ز آکسیجن،سپلائی اور دیگر سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات اٹھاناشروع کر دیے ہیں، چین سے کورونا ویکسین کی 3 کروڑ 50 لاکھ خوراکیں خریدنا بھی اِن اقدامات میں شامل ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے کورونا ویکسین کی تمام خریداری دوست ملک چین سے کی ہے، کورونا ویکسین کی خریداری 3 چینی کمپنیوں سے کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے کورونا ویکسین کی کل 3 کروڑ 50 لاکھ ڈوز خریدی ہیں، پاکستان نے کین سائنو کی سنگل ڈوز 2 کروڑ خوراکیں خریدی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سائنو فام سے ویکسین کی 55 لاکھ ڈوز خریداری کا معاہدہ طے پاگیا ہے، پاکستان نے سائنو ویک سے ویکسین کی 50 لاکھ ڈوز خریدی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے چینی کمپنی سائینو فارم سے کورونا ویکسین خریدی ہے، چین سے تاحال کورونا ویکسین کی 8 کھیپس پاکستان آچکی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چین سے خریدی گئی کورونا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچی تھی، چین سے اب تک کورونا ویکسین کی 35 لاکھ 60 ہزار ڈوز پہنچ چکی ہیں، پاکستان چین سے سائینو فارم، کینو سائینو، سائینو فارم ویکسین درآمد کررہا ہے۔ چین پاکستان کو سائینو فارم ویکسین کی 15 لاکھ ڈوز بطور تحفہ دے چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں