لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک ماہ بعد دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں

لاہور : لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک ماہ بعد دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ، نویں ، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت میں مکمل ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھول دیے گَئے ہیں تاہم پہلے روز بچوں کی حاضری نا ہونے کے برابر رہی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں نویں سے بارہویں جماعت تک تدریسی عمل ایک بار پھر سے شروع ہو گیا ہے ، حکومت کی جانب سے دیے جانے والے احکامات کے مطابق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جارہا ہے تاہم اسکولوں اور کالجز میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے اور رمضان المبارک کے باعث بچوں کی حاضری نا ہونے کے برابر دکھائی دی اور بچوں اور بچیوں کی انتہائی کم تعداد تعلیمی اداروں میں آئی لیکن اسکول انتظامیہ کی جانب سے پہلے روز مکمل ایس او پیز پر عمل در آمد ہوتا نظر آیا۔

اس حوالے سے وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ہدایت کی ہے کہ پیرکو نویں تا بارہویں جماعت کے تمام طلباء کوسکول بلایا جاسکے گا، سکولوں میں باقی کلاس رومز خالی ہیں ،اس لیے بچوں کوایس اوپیز کے تحت کمروں میں فاصلے کے ساتھ بٹھایا جاسکتا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 19اپریل بروز پیر سے نویں جماعت تا بارہویں جماعت تک کے طلباء کیلئے سکول وکالجز کھل جائیں گے، طلباء ہفتے میں دو روز پیر اور جمعرات کو سکولوں میں آئیں گے، اس دوران کلاس کے بچوں کو 50 فیصد یعنی آدھی کلاس کو نہیں بلایا جائے گا بلکہ کلاس کے تمام بچے پیر اور جمعرات کو سکولوں میں آسکیں گے ، کیونکہ جماعت اول سے آٹھویں جماعت کے کلاس رومز خالی ہوں گے، اس آدھے بچوں کو فاصلے کے ساتھ دوسرے کلاس رومز میں بٹھایا جاسکے گا ، ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لیے طلباء کو پورے سکول میں فاصلے کے ساتھ بٹھایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں