لودھراں میں 5 افراد نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا

لودھراں: لودھراں میں پانچ افراد نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا۔بتایا گیا ہے کہ لودھراں میں قوت سماعت اور گویائی سے محروم لڑکی کو پانچ افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوئی ہے جبکہ مزید حقائق ڈی این اے رپورٹ سے معلوم ہوں گے۔زیادتی کا شکار لڑکی کے والد کا موقف ہے کہ ملزمان نے بیٹی کے ساتھ زیادتی کی ویڈیو بھی بنائی ہے اور اب پیسے مانگ کر بلیک میل کر رہے ہیں۔

پولیس نے واقعے میں ملوث پانچ افراد میں سے مبینہ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔قبل ازیں لودھراں میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شادی سے انکار پر نوجوان لڑکی کو زہریلا مشروب پلا دیا گیا۔

یہ واقعہ آدم واہن میں پیش آیا ۔ مقتولہ کی والدہ نے پولیس کو دئے گئے ابتدائی بیان میں بتایا کہ پپو نامی لڑکا میری بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

لیکن میری بیٹی نے انکار کر دیا۔ بیٹی کے انکار پر پپو نے میری بیٹی کو زہریلا مشروب پلایا جس سے وہ 2 روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے بھجوادیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لاش اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

مقتولہ کی والدہ نے ملزم کا حُلیہ اور اس کی شکل و صورت سے متعلق پولیس کو بتایا جس کے بعد ملزم کی تلاش بھی شروع کر دی جائے گی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اُمید ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل لاہور میں بھی شادی سے انکار پر لڑکے نے فائرنگ کرکے لڑکی کو قتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقہ ہربنس پورہ میں پیش آیا تھا جہاں شادی سے انکار پر دلبرداشتہ ہو کر لڑکے نے فائرنگ کرکے لڑکی کو قتل کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں