لاہور: ملک بھر میں احتجاج کرنے والے مذہبی تنظیم کے مظاہرین کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ، جس کے بعد کئی شہروں میں بند سڑکیں کھول دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق قصورمیں مذہبی جماعت کے دھرنے کے خلاف پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے فیروز پور روڈ مین بائی پاس آپریشن کے بعد کھول دیا جب کہ اس دوران ملاں والا بائی پاس پتوکی میں پولیس اور مظاہرین جھڑپ ہوئی جس میں ڈی ایس پی ، متعدد ایس ایچ اوز سمیت درجنوں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کے علاقے لیاقت باغ میں بھی پولیس اور رینجرز نے مظاہرین کے خلاف آپریشن کیا ، جس کے نتیجے میں مظاہرین سے لیاقت باغ کو خالی کروانے کے بعد علاقے میں ٹریفک بھی بحال کردی گئی ، تاہم اس دوران مظاہرین کی جانب سے لیاقت باغ میں توڑ پھوڑ کی گئی جس میں باغ کے جنگلے توڑ دیئے گئے اور بینچز کو آگ لگا دی ، اسلام اباد کے نواح میں واقع بارہ کہو کے علاقے میں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جہاں رات 3بجے تک مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں جاری رہیں جس کے بعد بارہ کہو میں پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں ٹریفک کھول دی گئی جب کہ فیض آباد پل پر بھی پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
مزید یہ کہ شہر قائد میں بھی 3 روز سے جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد بند سڑکیں کھول دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہو گئی ، تاہم شارع فیصل پر اسٹارگیٹ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جب کہ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا لیکن اس وقت شہر میں صورتِ حال معمول پر آگئی ہے ، کہیں پر بھی روڈ ٹریفک کے لیے بند نہیں ہے ، بلدیہ حب ریور روڈ پر جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد روڈ کوٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ، اسٹار گیٹ، کورنگی، ٹاور چوک سمیت مختلف علاقوں میں پولیس ہائی الرٹ ہے۔