روسی صدر کی پاکستان کو ’بلینک چیک‘ کی پیشکش

اسلام آباد :روسی صدر نے پاکستان کو تمام شعبوں میں تعاون کی پیشکش کر کے ایک بلینک چیک آفر دے دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے گزشتہ ہفتے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی حکام تک روسی صدر پیوٹن کا اہم ترین پیغام پہنچایا ہے۔پاکستان و روسی حکام کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی اہم میٹنگ میں شریک اعلی حکومتی شخصیت نے بتایا ہے کہ روسی وزیر خارجہ نے پاکستان کو پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے صدر کا ایک اہم پیغام لے کر آیا ہوں جس میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

مذکورہ حکومتی شخصیت کے مطابق دوسرے الفاظ میں روسی صدر نے پاکستان کو بلینک چیک کی آفر دے دی ہے۔
جب ان سے بلینک چیک آفر کا مطلب پوچھا گیا تو انہوں نے روسی وزیر خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روسی صدر نے پاکستان کو پیغام بھجوایا ہے کہ اگر آپ گیس پائپ لائنز ، ریڈورز اور دفاع سمیت کسی بھی معاملے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ہم آپ کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔

روس نے اپنی پیشکش دی ہے اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس پیشکش پر کیا رد عمل دیتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جہاں پاک-روس دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے جون میں بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکرکیا، جہاں انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کی خواہش پر زور دیا تھا۔

وزیر اعظم نے ایک اہم خارجہ پالیسی کی ترجیح کے طور پر روس کے ساتھ اپنے تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں تجارت، توانائی، سلامتی اور دفاع میں گہرا تعاون شامل ہے۔انہوں نے پاکستان اسٹریم (شمالی جنوب) گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے مطلوبہ قانونی عمل کو تیزی سے مکمل کرنے اور جلد از جلد کام شروع کرنے کے پاکستان کا عزم دہرایا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں توانائی ، صنعتی جدت، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے آخر میں ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) اس تناظر میں مخصوص تجاویز اور منصوبوں کو قریب سے پیش کریں گے۔وزیر اعظم نے روس کو کورونا ویکسین بنانے پر مبارک باد پیش کی جبکہ ملاقات میں کووڈ-19 کے باعث درپیش صحت اور معاشی چیلنج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں