کراچی:پہلی بیوی نے کم عمر سوتن کو زندہ جلا دیا

کراچی :پہلی بیوی نے کم عمر سوتن کو زندہ جلا دیا شوہر دوسری بیوی کو زیادہ وقت دیتا تھا جس وجہ سے خاتون جلتی تھی،بدلہ لینے کے لیے انتہائی قدم اٹھایا۔تفصیلات کے مطابق کیماڑی کی البدر سوسائٹی میں پہلی بیوی نے کم عمر سوتن کو زندہ جلا دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے تھانہ جیکسن نے سوتن کو زندہ جلانے کے الزام میں خاتون کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ جلائی گئی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں پر اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایس ایچ او جیکسن انسپکٹر ملک عادل کا کہنا ہے کہ کیماڑی کے علاقے میں گھر کے اندر جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت بشیرا بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے لڑکی کو سوتن نے جلایا، شدید زخمی ہونے والی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

لڑکی کو سوتن مجاہدہ نے مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر زندہ جلانے کی کوشش کی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون کا 80 فیصد تک جسم جھلس چکا ہے اور اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے اربیلو نے 2019 میں 40 سالہ زاہدہ نامی خاتون سے شادی کی تھی تاہم اس کے شوہر نے 2020 میں 22 سالہ بشیرا بی بی سے دوسری شادی کی تھی اور زیادہ وقت اسے دیتا تھا جس پر پہلی بیوی اپنی سوتن سے جلتی تھی اور اسی وجہ سے ان کے گھر میں لڑائی جھگڑے بھی چل رہے تھے۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات زاہدہ نے مبینہ طور پر اپنی سوتن کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم اور اس کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کا مختلف زاویوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں