پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کے لیے مزید سینٹرز بنانے کا فیصلہ

لاہور (: پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا ویکسی نیشن کے لیے مزید سینٹرز بنانے کا فیصلہ کرلیا ، عوام کی مفت ویکسی نیشن کے لیے سینٹرز کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی کے ایل آئی میں ویکسینیشن سنٹر فعال ہونے کے بعد لاہور میں ویکسی نیشن مراکز 3 ہو جائیں گے ، جب کہ پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کیلئے مزید سینٹر زبھی قائم ہوں گے ، یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور ویکسی نیشن کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ کورونا ویکسین خریدنے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مختص کر رہے ہیں ، جن سے پنجاب حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگانے کے لئے 10 لاکھ سے زائد ڈوز خریدے گی ، پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے ، پنجاب کے زیادہ مثبت کیسز والے اضلاع میں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاہم کورونا سے مکمل نجات حاصل کرنے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون بے حد ضروری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 700,188 ہوگئی ہے ، جن میں سے صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 594 بتائی گئی ہے جب کہ پاکستان میں کورونا وباء کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اتب تک 6 ہزار731 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسکے علاوہ پاکستان میں عالمی وباءکورونا کی تیسری لہر کے دوران ایک بار پھر صرف ایک دن میں 102 افراد جان کی بازی ہار گئے ، ملک بھر میں عالمی وباء سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ ایک دن میں مزید 4 ہزار 004 مثبت کیسز سامنے آگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں