اسلام آباد ، 7 دن کے نومولود بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 دن کے نومولود بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ پمز ہسپتال کی کورونا فوکل پرسن ڈاکٹرعائشہ کے مطابق پمز ہسپتال میں کورونا سے متاثر نومولود کو داخل کیا گیا ہے جہاں کورونا سے متاثر ہونے والے 7 دن کے بچے کو آکسیجن پر رکھا گیا ہے ، تاہم بچے کی ماں کی حالت بہترہے اور وہ ہسپتال میں داخل نہیں ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان میں ایک سے 10 سال کی عمر کے بچوں میں بھی کورونا تیزی سے پھیلنے لگا ، اسلام آباد میں ایک دن میں کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد دو گناہ کے قریب ہوچکی ہے ، جہاں ایک سے 10 سال کے 92 بچے کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بھی کورونا کی تیسری لہر کے متاثرین میں بچے بھی شامل ہیں ،
شہر میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں 4.79 فیصد بچے تھے ، لاہور میں اب تک 5301 بچے کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ، ایم ڈی چلڈرن اسپتال پروفیسر سلیم نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کے کورونا وارڈ میں ایک ہی روز میں 4 بچے داخل ہوئے ، ان بچوں کی عمریں 2 ماہ ، ایک سال ، 5 سال اور 10سال ہیں۔

جب کہ مجموعی طور پر صوبہ پنجاب میں کورونا سے متاثر ہ بچوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے جہاں کورونا سے متاثر ہ افراد میں 5 عشاریہ 9فیصد 15 سال سے کم عمر بچے ہیں جب کہ اب تک پندرہ سال سے کم عمر کے 12462بچے پنجاب میں کورونا سےمتاثر ہوئے۔ دوسری طرف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے مختص بیڈز کم پڑنے لگے ، سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے ، جہاں سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے 164 وینٹی لیٹرز مختص کئے گئے تاہم شہر کے سرکاری ہسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر چکے ہیں۔

جب کہ لاہور شہر میں کورونا مریضوں کیلئے 475 آکسیجن بیڈز مختص کیے گئے جن میں سے 66.20 فیصد تک آکسیجن بیڈز بھی بھر چکے ہیں جب کہ شہر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں اس وقت 785 مریض زیرِ علاج ہیں ، جن میں سے 93 تشویشناک مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے جب کہ201 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ اور 491 مریض آکسیجن پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں 531 ، نجی ہسپتالوں میں 254 کرونا کے مریض زیرِ علاج ہیں ، جہاں میو ہسپتال میں اس وقت سب سے زیادہ 251 مریض زیر علاج ہیں ، جن میں سے 59 مریض آئی سی یو اور 42 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں اس کے علاوہ سروسز ہسپتال میں 59 اور جناح ہسپتال میں اس وقت کورونا کے 74 مریضوں کا علاج جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں