اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ہلکی کھانسی اور ہلکا بخار ہے ۔کورونا وائرس کے میں مبتلا ہونے کے بعد عمران خان نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز مالاکنڈ یونیورسٹی میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے اور انہیں گلے میں خراش محسوس ہوئی۔
گزشتہ روز مالاکنڈ یونیورسٹی میں وزیراعظم کھانستے رہے اور طبیعت میں بہتری محسوس نہ کرنے پر کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آگیا ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم کورونا وائرس کا شکار ایسے وقت میں ہوئے جب انھوں نے دو روز قبل ہی کورونا ویکسین لگوائی تھی۔جب کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ویکسین لگنے سے پہلے کورونا ہوچکا تھا تاہم وہ الحمدللہ خیریت سے ہیں ، وزیر اعظم صحت یاب ہوں گے پھر ویکسی نیشنل کا فیصلہ ہوگا ۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے رابطے میں رہنے والوں کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا ، کیوں کہ یہ وائرس زیادہ آسانی سے پھیلتا ہے ، اس قسم کا وائرس ایک شخص کو ہو تو پورے خاندان کو ہوتا ہے ، اس لیے جو لوگ 2 سے 3دن رابطے میں رہے ان کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت ہمارے ہاں 50فیصد کورونا وائرس برطانوی قسم کا ہے ،
اس کے علاوہ برازیل کا وائرس بھی خطرناک ہے اس لیے جنوبی افریقہ اور برازیل سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگا رہے ہیں ، میڈیا بھی کورونا سے بچنے کے لیے احتیاط کے پیغام کو آگے بڑھائیں۔