اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آ رہی ہے ‘ کل میں جیتوں گا : یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آ رہی ہے ، کل میں جیتوں گا ، علی حیدر گیلانی کی وڈیو کے معاملے پر بات نہیں کر سکتا۔ تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آ رہی ہے؟ اس کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت تک تو غیر جانبدار نظر آ رہی ہے ، اسٹیبلشمنٹ کو غیر جانبدار رہنا چاہیے اور وہ رہیں گے ، ہمارے ارکان کوابھی تک کال نہیں آئی ، اس لیے کہا ہے وہ غیر جانبدار ہیں۔

جب ان سے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ انشاءاللہ ہم جیت جائیں گے ، ایک صحافی کی جانب سے پی ڈی ایم امیدوار سے سوال کیا گیا کہ حکومت نے کہا ہے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کی کامیابی کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے ، اس پر کیا کہیں گے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماء نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے تجربے کو سامنے رکھ کر انتظامات کیے ہیں ، جماعت اسلامی سمیت ہر رکن کے ساتھ رابطہ رہتا ہے۔ علاوہ ازیں چیئر مین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ، جب کہ عبدالغفور حیدری نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے کاغذات حاصل کرلیے ، پی ڈی ایم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے 3 ، 3 سیٹ حاصل کیے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کیلئے ہمارے اراکین کو کالز کی جارہی ہیں ، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ توئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین کو کالز کی جارہی ہیں جس میں ان سے کہا جارہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدواروں کو ووٹ نہ دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں