ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ سنی لیونی گزشتہ کچھ عرصے سے ٹریفک کے چالان پر چالان ہونے سے پریشان تھیں جس پر انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ سے ملتا جلتا نمبر کوئی اور شخص اپنی گاڑی پر استعمال کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹریفک چالانوں سے تنگ آئی سنی لیونی کے ڈرائیور اکبر خان نے گزشتہ روز پولیس کو اطلاع دی کہ اداکارہ کی گاڑی سے ملتی جلتی ایک گاڑی ہسپتال کے باہر کھڑی ہے۔ ٹریفک پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور گاڑی اور اس میں موجود شخص پیوش سین کو تھانے لے آئی، تھانے میں سنی لیونی کے شوہر ڈینیل ویبر کو بھی طلب کیا گیا۔
پولیس نے فریقین سے گاڑی کے کاغذات مانگے تو تصدیق ہوگئی کہ مرسیڈیز گاڑی ڈینیل ویبر کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ پولیس نے جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرکے اداکارہ کے چالان پر چالان کٹوانے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ ملزم ممبئی کے علاقے کلیان کا ایک مشہور تاجر ہے جس کے خلاف مزید قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔