وزیراعظم نے مریم نواز کی لندن جانے کی درخواست مکمل مسترد کردی

لاہور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مریم نواز کی لندن جانے کی درخواست مسترد کردی ہے، مریم نواز نے لندن جانے کیلئے بیک ڈور رابطے کئے، آپ پاکستان میں رہ کر تحریک کا شوق پورا کریں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کیلئے بیک ڈور رابطے کئے گئے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس درخواست کو مکمل طور پر رد کر دیا، آپ تحریک کا شوق پورا کریں لیکن اس کیلئے آپ کو پاکستان رہنا ہو گا۔

اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کا بڑا شور ہے، ان کے پاسپورٹ کی معیاد منگل کی رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی،20 اگست 2018 سے نواز شریف اور مریم نواز ای سی ایل پر ہیں، نیب کی ہدایت پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، کابینہ نے بھی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی جس شخص کا نام ای سی ایل پر ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا سکتا،

نواز شریف اگر وطن واپس آنا چاہیں تو72 گھنٹوں میں ان کو ان کی درخواست پر پاکستان آنے کے لئے ای ٹی ڈی جاری کیا جا سکتا ہے لیکن وہ پاکستان آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور ان کے اعلانات محض سیاسی ہیں، انہیں باہر جانے کی جو اجازت ملی تھی اس کا انہوں نے غلط استعمال کیا، اب عدالت نے بھی ان کو وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس آنے سے نہیں روکا جا رہا، وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو ابھی درخواست دیں، انہیں سفری دستاویز جاری کر دیں گے۔ دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میں یہ بھی سن رہی ہوں کہ ٹی وی پر ایک وزیر نے کہہ دیا کہ مریم نوازکو باہر بھیج دو، معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، لیکن مریم باہر نہیں جائے گی آپ کو جانا پڑے گا۔

مجھے گھر آکر کوئی آفر بھی کرے تو باہر نہیں ہوجاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پاسپورٹ کے حوالے سے کہا کہ میاں نوازشریف باہر قانونی معاملات کو دیکھ رہے ہیں، لیکن یہاں ایک مریم نوازنہیں سنبھالی جاتی نوازشریف کو واپس لے آئے تو کیا بنے گا؟مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا صحت کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی لیکن میں اس حکومت سے بالکل نہیں کہوں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے، میں انہیں یہ خوشی کبھی نہیں دوں گی۔مجھے اس ملک سے کہیں نہیں جانا، میرا جینا مرنا اس ملک کے ساتھ ہے، مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں