اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمالہ طارق کو عہدے سے ہٹانے کے لیے صدر پاکستان کو ریفرنس بھیجیں گے۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نشیمن پر اپنوں نے ہی بجلیاں گرا دی ہیں۔ن لیگ کی باقیات میں سے ایک خاتون کے پروٹوکول کی وجہ سے 4 جانیں ضائع ہو گئیں۔
جن کی چھترول ہونی چاہئیے وہ سرکاری پروٹوکول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہ کشمالہ طارق کو عہدے سے ہٹانے کے لیے صدر پاکستان کو ریفرنس بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اس حوالے سے وزارت قانون کو ہدایت جاری کر دی ہے۔دوسری جانب پولیس نے کشمالہ طارق اور ان کے شوہر وقاص خان کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنا دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود اذلان خان کو تفتیش میں شامل نہ کیا جا سکا ہے۔ وکیل کے ذریعے اذلان کو پیش ہونے کا کہا گیا لیکن تاحال اذلان پیش نہیں ہوا ہے۔ اذلان خان کے پیش نہ ہونے کے بعد پولیس نے کشمالہ طارق اور ان کے شوہر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ یاد رہے کہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر تیز رفتارگاڑی نے 6 افراد کوکچل دیا تھا، حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے جبکہ کار سوار فرار ہو گیا تھا۔
حادثے کا باعث بننے والی گاڑی وفاقی محتسب کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان چلا رہا تھا۔ جبکہ گاڑی میں وفاقی محتسب کشمالہ طارق اور ان کے شوہربھی موجود تھے۔ پولیس کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کی گرفتاری کے لیے تاحال کوئی کارروائی نہیں کر سکی۔ تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے 4 افراد کی موت کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ، ایف آئی آر میں کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اذلان خان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔