نجی بینک کے چپڑاسی نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں 28 ملین سے زاٸد کی رقم جمع کروائی

لاہور : نجی بینک کے چپڑاسی کی جانب سے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں 28 ملین سے زاٸد کی رقم جمع کروائی جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں خواجہ آصف سے متعلق یہ انکشاف سامنے آیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب دستاویزات میں بتایا گیا کہ خواجہ آصف کے کیس میں 4 افراد نے نیب کوبیانات ریکارڈ کروا دیے۔

لاہورمیں بینک چپڑاسی نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں 28 ملین سے زائد جمع کروائے۔ بینک چپڑاسی کے مطابق سینئیر افسران کے کہنے پر رقم جمع کروائی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دستاویزات میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کے بھتیجے نے چچا کے اکاؤنٹ میں 20 ملین جمع کروائے، خواجہ سلطان کے مطابق خواجہ آصف کی ہی رقم ان کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی گئی ۔
نیب دستاویزات کے مطابق 30 سالہ پرانے سیاسی ورکر رانا عبدالوحید نے30 ملین جمع کروائے، رانا عبدالوحید کے مطابق جمع کروائی گئی رقم خواجہ آصف کی ہی دی ہوئی تھی۔

دستاویزات میں کہا گیا کہ سرمد اعجاز نامی سیاسی ورکر نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ سے5 ملین نکلواکر ان کے ہی حوالے کیے، خواجہ آصف کے پاس رقم کہاں سےآئی خواجہ آصف نیب کو تاحال جواب نہیں دے سکے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے مسلم لیگ ن کے گرفتار رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو قومی احتساب بیورو نے 29 دسمبر کی رات گرفتار کیا تھا اور اگلے ہی روز راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں نیب لاہور منتقل کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں