ایران پر اعتماد ختم، فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں: سعودی عرب

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران مسلسل شہری مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ دعویٰ کہ یہ حملے امریکی فوجی اڈوں کی وجہ سے ہیں، ناقابل یقین ہے، ایران کے اپنے ہمسایہ ممالک پر حملوں کے نتائج ہوں گے اور یہ اقدامات تہران کو مزید تنہائی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ مکالمے پر یقین نہیں رکھتا اور ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، یہ دباؤ کامیاب نہیں ہوگا، مملکت اس دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی، بلکہ یہ دباؤ الٹا اثر ڈالے گا۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سمندری راستوں کی آزادی کو درپیش کسی بھی خطرے کیلئے اجتماعی اقدامات ضروری ہیں، اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ایران کو اپنے پراکسی گروپس کی حمایت بند کرنی چاہیے، ایران تنازع میں سعودی عرب کی اولین ترجیح خلیجی ممالک پر حملوں کا خاتمہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں