مشکل معاشی صورتحال میں پاکستان کے بینکوں کی جانب سے اہم اعلان

اسلام آباد : مشکل معاشی صورتحال میں پاکستان کے بینکوں کی جانب سے انتہائی اہم اعلان کیا گیا ہے، بیرون ملک سے کوئی بھی اشیاء خریدتے وقت جو بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ ہوگا وہی چارج کی جائے گا۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ڈیبٹ، کریڈٹ کارڈ کی بیرون ملک ادائیگیاں اب اوپن مارکیٹ ڈالر ریٹ پر ہوں گی۔
بیرون ملک سے کوئی بھی اشیاء خریدنے پر ادائیگیاں اوپن مارکیٹ ریٹ پر ہوں گی۔جب کہ خریداری کے وقت جو بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ ہوگا وہی چارج کی جائے گا۔قبل ازیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملکی زرمبادلہ ذخائر کے اعداد و شمار جاری کیے گئے جس کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر دسمبر کے آخری کاروباری ہفتے میں 28.47 کروڑ ڈالر کم ہوئے۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 30 دسمبر2022 تک 11.42 ارب ڈالر رہے۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 24.54 کروڑ ڈالر کم ہو کر 5.57 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2021 کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 23.88 ارب ڈالر تھے، دسمبر 2022 میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11.42 ارب ڈالر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں