شہباز گل نے جنسی حملے کی تصدیق کر دی

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ جی ہاں مجھ پر جنسی حملہ ہوا ہے۔اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا، پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اسلحے کا لائسنس نہ دکھایا گیا تو شہباز گل پر ایک مقدمہ درج ہوگا،شہباز گل پارلیمنٹ لاجز میں کمرہ ایف 206 میں رہائش پذیر تھے۔

شہباز گل کے گھر پارلیمنٹ لاجز میں سرچ آپریشن کیا گیا،پولیس شہبازگل کو بھی ہتھکڑیاں لگا کر پارلیمنٹ لاجز لائی تھی،تلاشی کے دوران پولیس کوایک پستول،سیٹلائٹ فون،موبائل،کریڈٹ کارڈز،ڈائری،یوایس بیزبھی ملیں۔ کمرے سے شہباز گل کا پرس بھی ملا جس میں 2 شناختی کارڈ سمیت مختلف کارڈ برآمد ہوئے، جبکہ 2 پاسپورٹس بھی ملے۔
کمرے میں موجود الماری مہنگے کپڑوں سے بھری ہوئی تھی،اسلام آباد پولیس نے شہبازگل پرناجائز اسلحہ برآمدگی کا ایک اورکیس درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرس تو گاڑی میں چھوڑ دیا تھا،لیکن یہاں کیسے آیا،انہیں علم نہیں،پرس ڈرائیور کے پاس ہوتا تھا جس کمرے سے اسلحہ ملا وہ گارڈ کے زیر استعمال رہتا تھا۔ شاید یہ اس کا ہو،میرے کمرے میں چیزیں تبدیل تھیں،اس کا مطلب ہے کوئی آیا تھا۔ شہباز گل نے کہا کہ انہیں لوڈڈ ریوالر کے متعلق علم نہیں۔

انہوں نے یہ ریوالور کبھی نہیں دیکھا،ان کے پاس اے کے 47 رائفل ہے جس کا لائسنس ہے۔ صحافیوں کے اس سوال پر کہ کیا دوران حراست ان جنسی حملہ ہوا تو شہباز گل کا کہنا تھا جی ہاں ان پر جنسی حملہ کیا گیا۔ قبل ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

عدالت نے شہباز گل کو 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ عدالت نے شہباز گل کی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا مسترد کردی اور پولیس کو حکم دیا کہ شہباز گل سے تفتیش کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں