روس نے دھمکی آمیز امریکی خط سے متعلق عمران خان کے موقف کی حمایت کردی

ماسکو : روس نے دھمکی آمیز امریکی خط سے متعلق عمران خان کے موقف کی حمایت کردی ۔ روسی میڈیا کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ امریکہ اوراس کے مغربی اتحادیوں نے فروری میں روس کا دورہ منسوخ کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان پرزبردست دباؤ ڈالا ، امریکہ نے روس کا دورہ منسوخ نہ کرنے پروزیراعظم عمران خان کوسزا دی کیوں کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے درمیان امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیاء ڈونلڈ لیو نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیرکوطلب کرکے دورہ فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جسے رد کردیا گیا ۔

ترجمان روسی وزارت خارجہ نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے بعد پیدا صورتحال سے واضح ہے کہ امریکہ نے بات نہ ماننے پر’نافرمان‘ عمران خان کوسزا دینے کا فیصلہ کیا ، جس کے نتیجے میں وزیراعظم کی اپنی جماعت کا ایک گروپ اچانک اپوزیشن میں چلا گیا اورپارلیمان میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی ، یہ امریکہ کی جانب سے آزاد ریاست کے معاملات میں اپنے خودغرضانہ مقاصد حاصل کرنے کے لئے شرمناک مداخلت کی کوشش ہے۔

دوسری طرف امریکہ نے پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز خط کے الزامات پھر مسترد کردیے ، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے صحافی نے سوال کیا کہ امریکا پر الزام ہے کہ امریکہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت گرانے کی کوشش میں ملوث ہے، جس پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ، امریکہ آئین کی بالادستی، اور جمہوری اصولوں کے ساتھ ہے ، یہ اصول صرف پاکستان نہیں دنیا کے دوسرے ممالک کیلئے بھی ہیں ، ہم کسی ایک سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں