اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے فیصل آباد میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجرا کردیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیماری میں لوگوں کی مدد رشتے دار اور پڑوسی کرتے ہیں، ریاست نے کبھی ذمہ داری نہیں لی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان بھی شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے فیصل آباد میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجرا کیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں پیسے والے اپنا علاج کراسکتے ہیں لیکن غریب کے لیے علاج کرانا مشکل ہے، چوروں کے ٹولے کی کھانسی کا علاج بھی باہر ہوتا تھا لیکن کبھی ریاست نے غریب کے علاج کی ذمہ داری نہیں لی، جن لوگوں نے عوام کے علاج کی ذمہ داری اٹھانا تھی وہ لندن جارہے ہیں۔
اپوزیشن پرتنقید کے نشتربرساتے ہوئے کہا کہ پیٹ پھاڑنے والے آج گلے مل رہے ہیں، انہیں ڈر صرف عمران خان کا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی صوبے کے لیے آسان نہیں کہ 400 ارب روپے ایک پراجیکٹ پر لگائے، کتنے حکمران آئے کبھی کسی نے سوچا کہ بڑی بیماری پر لوگ کیا کریں گے، ریاست مدینہ کی طرف یہ بہت بڑا قدم ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دو جماعتیں 30 سال ملک پر حکومت کرتی رہیں، ملک بنانے کا مقصد یہ نہیں تھا کہ زرداری اور نواز شریف امیر ہوجائیں۔




