اسلام آباد : ملک میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر سے بے قابو ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چار ماہ بعد ایک ہی روز میں کورونا کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 992 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 49 ہزار 843، سندھ میں 4 لاکھ 91 ہزار 743، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 906، بلوچستان میں 33 ہزار 675، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 437، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 944 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 719 کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 49 ہزار 270 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد رہی۔ خیال رہے کہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار084افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار 691، خیبرپختونخوا 5 ہزار 948، اسلام آباد 967، گلگت بلتستان 186، بلوچستان میں 367 اور آزاد کشمیر میں 749 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔