نچلی سطح پر ٹکٹ نہ دینا غلطی تھی، شفیع جان نظرانداز ہوئے

پشاور : صوبہ خیبرپختونخواہ کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نچلی سطح پر ٹکٹ نہ دینا ہماری غلطی تھی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے شفیع جان کو پی ٹی آئی کا اصل ورکر تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ نظر انداز ہوئے۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان ڈائریکٹ ٹکٹ دینے والوں میں شامل نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے اگلے فیز کو خو د دیکھوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیبر ہڈ کے الیکشن میں ہم نے ٹکٹ ہی نہیں دیے، سب آزاد کھڑے ہوئے جب کہ نچلی سطح پر ٹکٹ نہ دینا ہماری غلطی تھی۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان اپنے لیے ووٹ مانگتے رہے ، پارٹی کے لیے ووٹ ہی نہیں مانگا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے میں غلطیوں کو درست کریں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ شوکاز نوٹس سے متعلق مجھے علم نہیں ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنا شفیع جان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اوپر سیٹنگ کرنے والوں کو پارٹی ٹکٹ سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ دینے والے خود مجرم ہیں۔پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن شفیع جان نے کہا کہ موروثی سیاست کے خلاف تھے لیکن آج پارٹی میں موروثی سیاست آگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں