قلات : بلوچستان میں اومیکرون کے30مشتبہ مریض سامنے آگئے، کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ضلع کیچ میں 15 روز کا لاک ڈاون نافذ، مشتبہ مریضوں کے نمونے تصدیق کیلئے این آئی ایچ ڈی اسلام آباد بھجوا دیے گئے۔ انکشاف کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں 30 افراد میں مشتبہ طور پر اومیکرون کی تشخیص ہوئی ہے۔
اس حوالے سے انچارج کورونا آپریشن سیل بلوچستان ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضلع قلات میں کورونا کی ٹیسٹنگ کے دوران 2 روز میں اومیکرون کے 30 مشتبہ مریضوں سامنے آئے۔ قلات سے سامنے آنے والے اومیکرون کے مشتبہ مریضوں کے نمونے تصدیق کیلئے این آئی ایچ ڈی اسلام اباد بھجوا دئے گئے۔
اس کے علاوہ محکمہ صحت نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات کو بھی ایک مراسلہ لکھا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اومیکرون کے مشتبہ مریضوں کو تلاش کرکے انہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں کرونا کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر 15 روز کا لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر اومیکرون کی روک تھام کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا۔