اچھرہ بازار میں شاپنگ کرتی خاتون اور بچوں پر ٹرانسفارمر گر گیا

لاہور :لاہور کے علاقے اچھرہ بازار میں شاپنگ کرتی خاتون اور بچوں پر ٹرانسفارمر گر گیا، ٹرانسفارمر کی زد میں آنے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق، بچے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے اچھرہ بازار میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں شاپنگ کرتی خاتون پر ٹرانسفارمر گر گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 38سالہ خاتون صباء علی اپنی بچی کے ہمراہ بازار میں شاپنگ کر رہی تھی کہ اچانک ان پر ٹرانسفارمر گر گیا۔ ابتدائی طور پر ماں اور بیٹی کوزخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔اس کے بعد خاتون صباء علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں دو بچے بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

ٹرانسفارمر گرنے کے بعد بازار کے بجلی بند کر دی گئی ہے۔ حادثے کے بعد بازار میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، جائے وقوعہ پرریسکیو کی ٹیموں کے علاوہ لیسکو کا عملہ اور پولیس بھی موقع پر موجود ہے جبکہ ٹرانسفارمر گرنے کی وجوہات کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ حادثے کے بعد جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے مطابق اہل علاقہ نے حادثے کا ذمے دار واپڈا کو ٹھہراتے ہوئے انکشاف کیا کہ خاتون اور بچوں پر گرنے والے ٹرانسفارمر میں کچھ روز قبل آگ بھی لگ گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں