دنیا میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے

اٹک : وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا مسئلہ پوری دنیامیں ہے، دنیا میں سب سے زیادہ سستا پیٹرول پاکستان میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ میں شوگر ملز بند ہونے کی وجہ سے چینی کی قیمتیں بڑھ گئیں، پتا چلا ہے کہ شوگر ملز مالکان نے مختلف معاملات پر جولائی سے اسٹے آرڈر لے رکھے ہیں، سندھ میں چلنے والی 3 شوگر ملز کو بند کردیا گیا ہے۔

سندھ میں شوگر ملز بند ہونے پر ذخیرہ اندوزوں نے چینی ذخیرہ کرنا شروع کر دی، کسی بھی مہذب معاشرے میں ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں ہے۔ کمپیٹیشن کمیشن نے شوگر ملز پر 40 ارب روپے کا جرمانہ عائد کر رکھا ہے کیونکہ ان لوگوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر کے چینی کی قیمتیں اوپر کی تھیں، ان ملوں نے اس پر بھی اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، پھر یہ بھی پتہ چلا کہ ایف بی آر نے بھی شوگر ملز پر آف بک چینی فروخت کرنے پر 500 ارب روپے کا جرمانہ عائد کر رکھا ہے، اس پر بھی ان لوگوں نے اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا کہ وزیر قانون پنجاب اور ایڈوکیٹ جنرل سے کہلوا کر فوری طور پر اسٹے آرڈر کو ختم کروایا جائے کیونکہ یہ ظلم ہے ہماری عوام کے ساتھ کہ شوگر مافیا مل کر اربوں روپے کما لیتا ہے اور عوام کی کمر ٹوٹ جاتی ہے اور حکومت جب کچھ کرنے جاتی ہے تو اسٹے آرڈر لے لیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کورونا کو مہنگائی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین ماہ میں تیل کی قیمتیں دگنی ہوگئیں، عوام کو مہنگائی سے بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، پانچ سال بعد فیصلہ ہوگا، کیا ملک میں غربت کم ہوئی، حکومتی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں اضافہ ہوا، دس سال میں دس ڈیم بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر حکومت کی اپنی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں، خیبرپختونخوا میں 2013 میں اتحادی حکومت تھی لیکن 2018 میں ہمیں دو تہائی اکثریت ملی، خیبرپختونخوا میں عام لوگوں کی زندگی بہترہوئی اس لیے دوبارہ ووٹ ملا۔ ان کا کہنا تھا ہم 2 یا 3 سال کا نہیں 5 سال کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، 5 سال بعد فیصلہ ہوگا کہ عام لوگوں کی زندگی بہتر ہوئی یا نہیں، 5 سال میں کمزور طبقے کی زندگی بہتر ہو جائے تو سمجھوں گا کامیاب ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں