دفتر خارجہ نے پنجشیر میں پاکستان کے ملوث ہونے کا پراپیگنڈا مسترد کر دیا

اسلام آباد؛ دفتر خارجہ نے پنجشیر میں پاکستان کے ملوث ہونے کا پراپیگنڈا مسترد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بین الاقوامی میڈیا کے کچھ حصے میں پاکستان کے پنجشیر میں ملوث ہونے کا پراپیگنڈا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایسے تمام الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی میڈیا کی جعلی خبریں، بدنیتی پر مبنی ہیں،ایسی خبریں پاکستان کو بدنام کرنے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
وادی پنجشیر میں پاکستان کی شمولیت کے بارے میں ترجمان نے ان الزامات کو گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ بھارتی میڈیا کی جعلی خبریں بےنقاب ہو چکی ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ بدنیتی پر مبنی الزامات پاکستان کو بدنام کرنے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مایوس کن کوشش کا حصہ ہے،ترجمان نے پاکستان کے پرامن، مستحکم خودمختار اور خوشحال افغانستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کہنے کو تو ہمسایہ ممالک ہیں لیکن دونوں ممالک کے مابین تعلقات گذشتہ 7 دہائیوں سے سرد مہری کا ہی شکار ہیں۔ بھارت میں دہشتگردی کا کوئی بھی واقعہ ہو، بغیر ثبوت کے پہلا الزام پاکستان پر ہی عائد کیا جاتا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی آئے روز خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔
بھارت پاکستان کو بدنام کرنے یا پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے بارہا دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کے باوجود بھی بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا اپنی روایتی ہٹ دھرمی کے تحت بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کی کوشش کی لیکن اسے ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑی۔
بھارتی میڈیا کی دو سال پرانی امریکی خبر دکھا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی۔ بھارت نے افغان صوبے پنجشیر میں پاکستان کا ایف 16 طیارہ تباہ ہونے کا الزام لگایا لیکن تصویر 2018ء کی امریکہ میں گرنے والے طیارے کی دکھاتے رہے۔ بھارت نے امریکہ میں دوران مشق تباہ ہونے والے طیارے کو پاکستان کا بتا کر ہرزہ سرائی کی بھرپور کوشش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں