چینی ویکسین لگوانے والے غیر ملکیوں کو سعودی عرب میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی گئی

جدہ : سعودی عرب نے چینی ویکسین لگوانے والے غیر ملکیوں کو داخلے کی مشروط اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے چین کی تیار کردہ کووِڈ 19 ویکسین لگوانے والے غیر ملکی شہریوں کو منظور شدہ ویکسینز میں سے کسی ایک کا بوسٹر لگوانے پر ملک میں آنے کی اجازت دے دی۔ سعودی ای ویزا پورٹل کے مطابق وہ مہمان جنہوں نے سائنو فارم یا سائنو ویک کی دو خوراکیں لگوا رکھی ہیں انہیں اس وقت قبول کیا جائے گا جب وہ مملکت کی منظورہ کردہ چاروں میں سے کوئی ایک ویکسین کی اضافی خوراک لگوالیں۔’

یہ فیصلہ سعودی عرب نے یکم اگست سے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھولنے کے بعد کیا ہے جن کے لیے فائزر، ایسٹرازینیکا، موڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین لگوانے کی شرط رکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سعودی حکام کی جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا تھا کہ ملک میں آنے والے سیاحتی ویزے کے حامل افراد کو آکسفورڈ/ ایسٹرازینیکا، فائزر/بائیو این ٹیک یا موڈرنا کی 2 خوراکیں یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک خوراک لگوانے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث 17 ماہ کی بندش کے بعد مکمل ویکسینیٹڈ غیر ملکی سیاحوں کے لیے یکم اگست سے اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسینز فائزر، ایسٹرازینیکا، ماڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن کی مکمل خوراکیں لگوانے والے افراد ‘بغیر قرنطینہ’ ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔

تاہم ریاض کی جانب سے تاحال عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے لیے پابندیوں میں نرمی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے باعث عمرہ اور حج کا فریضہ بھی بری طرح سے متاثر ہوا۔ فی الحال صرف سعودی عرب کے شہریوں اور مقیم افراد کو عمرے کی اجازت ہے جنہوں نے ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوالی ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں