sahiwal

ساہیوال میں ڈاکوؤں نے 20 ہزار کی رقم دکاندار کو واپس کر دی

ساہیوال : عموماً کسی چوری یا ڈکیتی کے دوران چور یا ڈاکو کے ہاتھ جو بھی لگے وہ سب لُوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔ لیکن ساہیوال میں ایک ایسی ڈکیتی بھی ہوئی جہاں 20 ہزار ملنے پر ڈاکوؤں نے یہ رقم دکاندار کو واپس کر دی لیکن کچھ دیر بعد ہی اگلی دکان پر ڈکیتی میں انہیں 5 لاکھ روپے مل گئے جو وہ لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے شہر دیپال پور میں واقع جھال روڈ پر مسلح افراد ایک دکان میں داخل ہوئے اور مالک کو یرغمال بنا کر پیسے دینے کا مطالبہ کیا۔ دکان مالک نے ملزمان کو بیس ہزار روپے نقد رقم دی تو انہوں نے اسے کم کہہ کر پیسے واپس دکاندار کو دیے۔ ڈاکوؤں کا کہنا تھا کہ یہ کم رقم ہے، ہم ہزاروں نہیں لاکھوں لُوٹنے والے ہیں اور وہاں سے چلے گئے۔

لیکن کچھ دیر بعد ہی ڈاکو دیپالپور کے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں داخل ہوئے، جہاں سے پانچ لاکھ روپے لُوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ہی معلوم ہوا کہ دونوں وارداتوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہے، جس نے کم رقم چھوڑ کر لاکھوں روپے لُوٹے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں