لاہور میں 8 سالہ بچے مبین کے اندھے قتل کا سُراغ لگا لیا گیا

لاہور : لاہور کے علاقہ کاہنہ میں 8 سالہ بچے مبین کے اندھے قتل کا سُراغ لگا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ کاہنہ میں آٹھ سالہ بچے مبین کو قتل کرنے والے بھی بچے ہی نکلے۔ پولیس نے مبین کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ زیر حراست ملزمان میں آٹھ سالہ علی شیر اور دس سالہ زید شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے معمولی سی تلخ کلامی پر اینٹیں مار کر مبین کو قتل کیا۔ ملزمان نے لاش کو کھیتوں میں دبا دیا تھا۔
لاش برآمد ہونے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا جس پر معلوم ہوا کہ مبین گھر سے نماز کے لیے نکلا لیکن واپس نہیں پہنچا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، پولیس کو دئے گئے ابتدائی بیان میں ملزمان نے اپنے جُرم کا اعتراف بھی کیا۔

خیال رہے کہ لاہور کے علاقہ کاہنہ کے رہائشی آٹھ سالہ بچے مبین کو اپریل میں قتل کیا گیا تھا ۔ مقتول مبین کے اغواء اور قتل کا مقدمہ 16 اپریل کو تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا ۔ دوسری جانب مبین کے اندھے قتل کی گُتھی سُلجھانے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی نے ایس ڈی پی او کاہنہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں