ڈیرہ غازیخان ، خوف کی علامت لادی گینگ کے سرغنہ کا بھائی گرفتار

ڈیرہ غازیخان: ڈیرہ غازیخان میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے لادی گینگ کے سرغنہ خدابخش عرف خدی چکرانی کے بھائی ابراہیم عرف ابری چکرانی لادی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی ملزمان کی گرفتاری کیلئے پیش قدمی جاری ہے ، جہاں لادی گینگ کے سرغنہ خدابخش عرف خدی چکرانی کے بھائی ابراہیم عرف ابری چکرانی لادی کو گرفتار کرلیا گیا ، اس کے علاوہ دہشت گردی ، قتل ،اقدام قتل اور اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد 2ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور لادی گینگ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، تاہم اپریشن کے نتیجے میں لادی گینگ کی سہولت کاری کے الزام میں 27 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ، جب کہ 12 افراد کو شناخت کے لیے حراست میں لیاگیا ، لادی گینگ کے ٹھکانے سرچ آپریشن کے بعدگرادیئے گئے اور ،جرائم پیشہ عناصر کی عارضی پناہ گاہوں کو آگ لگا دی گئی ، ملزمان کے فرار ہونے پر قبائلی علاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے دوران لادی گینگ کے رکن جلیل ممدانی نے گرفتاری دے دی ، ذرائع کے مطابق لادی گینگ کے رکن جلیل ممدانی نے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں گرفتاری دی جب کہ پولیس نے سخی سرور کے علاقے سے سہولت کاری کے شبےمیں ایک شخص کو حراست میں لیتے ہوئے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا، وزیر اعظم کےحکم کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آپریشن شروع کیا گیا ، آپریشن ڈی پی او ڈی جی خان عمرسعید ملک کی نگرانی میں جاری ہے، آپریشن میں بکتربند سمیت تین سو سے زائد پولیس اہلکار سرچ شریک ہیں جہاں آپریشن کے پہلے ہی روز رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن میں لادی گینگ کےسفاک کمانڈرکو ہلاک کیا تھا ، جس کی شناخت کمانڈرخدا بخش کے نام سے ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں