پی ٹی اے نے 19 کمپنیوں کو موبائل فونز بنانے کی اجازت دے دی

اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے 19 کمپنیوں کو موبائل فونز بنانے کی اجازت دے دی۔ اس حوالے سے پی ٹی آے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق کمپنیوں کو تھری جی اور فور جی کی تیاری کے لئے ڈیوائس بنانے کی اجازت ہوگی ، اگلے 10 سال کے لیے مینوفیکچررز اپنے برانڈز بھی تشکیل دے سکیں گے ، جب کہ مینوفیکچررز کے ذریعے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز مسابقتی مارکیٹوں میں برآمد بھی کیے جا سکیں گے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ حال ہی میں حکومت کی جانب سے موبائل مینوفکچرنگ پالیسی کی منظوری اور ٹیکس میں چھوٹ دئیے جانے کے بعد تین بین الاقوامی موبائل ساز کمپنیوں نے اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ پاکستان میں لگانے کا فیصلہ کیا ، معروف موبائل فون ساز کمپنیوں ائیر لنک، ایڈوانس ٹیلی کام اور ویوو نے پاکستان میں اپنے مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ، مذکورہ سمارٹ فون کمپنیوں نے پاکستان میں اپنے پلانٹ لگانے کا فیصلہ حکومت ِ پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والی ٹیکس میں چھوٹ کی وجہ سے کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس حکومت نے موبائل فون ساز کمپنیوں کو اپنے سمارٹ فون پاکستان میں اسیمبل اور مینوفکچر کرنے کے لیے ٹیکس پر خصوصی چھوٹ دینے کا اعلان کیا تھا، حکومت نے موبائل فون ساز بین الاقوامی کمپنیوں کو سمار ٹ فونز کی ڈومیسٹک فروخت میں 4 فیصد ٹیکس میں چھوٹ کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ کابینہ نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موبائل فون مینوفکچرنگ پالیسی کی بھی منظور دی ، حکومت نے مذکورہ نئی پالیسی بھارت سے درآمد کیے جانے والے سستے سمارٹ فون سے پاکستان کی مقامی مارکیٹ کو پہنچنے والے نقصان کو ختم کرنے کے لیے منظور کی ، حکومت کے اس فیصلے نے ویوو، ائیر لنک اور ایڈوانس ٹیلی کام جیسی انٹرنیشنل کمپنیوں کی توجہ حاصل کی اور اِن کمپنیوں نے پاکستان میں مینوفکچرنگ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں