ملک کے مختلف شہروں میں 2 ہفتے کا لاک ڈاؤن لگائے جانے کا امکان

اسلام آباد : وفاقی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں 2 ہفتے کا لاک ڈاؤن لگائے جانے کا امکان ہے ، کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کے لیے لاک ڈاوٴن 2 یا 3 مئی سے لگایا جاسکتا ہے ، شہروں کے نام بھی سامنے آگئے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق این سی او سی نے متعلقہ وزارتوں کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کے لیے 2 یا 3 مئی سے لاک ڈاوٴن کا نفاذ کیا جاسکتا ہے ، ان منتخب اضلاع اور شہروں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ شامل ہیں ۔

مراسلے کے مطابق جہاں دو ہفتوں کا لاک ڈاوٴن لگایا جائے گا ان میں بہاولپور، حیدرآباد، لوئر دیر، مردان، نوشہرہ، مالا کنڈ، چارسدہ بھی شامل ہیں ، اس کے علاوہ سوات، صوابی، مظفرآباد، سدھنوتی، پونچھ اور باغ میں بھی لاک ڈاوٴن لگانے پر مشاورت کی گئی ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ مراسلے کے ذریعے این سی او سی نے متعلقہ وزارتوں کو پلاننگ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ، این سی او سی کی طرف سے ان تمام شہروں میں کورونا پھیلاؤ کا روکنے کے مناسب اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس آنے کے بعد پہلی بار ریکارڈ 201 افراد جان کی بازی ہارگئے ، اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی ، ایک دن میں مزید 5 ہزار 292 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد88 ہزار 207 ہوچکی ، جن میں سے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 49 ہزار 101 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے مزید 5 ہزار 292 مثبت کیسز سامنے آگئے اور اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 810,231 ہوگئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں