لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلی سردار عثمان بزدار کے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے وژن کے تحت20موبائل اراضی ریکارڈ یونٹس کا اجرا ہوچکا ہے۔ اس ضمن میں موبائل اراضی ریکارڈ سروس ڈی جی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، اورروالپنڈی سمیت 10 اضلاع میں اپنے شیڈول کے مطابق موضع جات کی سطح پرخدمات فراہم کی جارہی ہیں۔یہ بات سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوبابر حیات تارڑ نے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید آلات سے لیس موبائل اراضی ریکارڈ سنٹرز سے اب ریونیو سے متعلقہ خدمات عوام کو ان کی دہلیز پر میسر آرہی ہیں اور ان موبائل اراضی ریکارڈ سنٹرز کو صوبے میں قائم دیگر اراضی سینٹرز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے۔موبائل اراضی ریکارڈ سروس کے ذریعے اب تک7514 فردات کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
اسی طرح موبائل اراضی ریکارڈ سروس کے ذریعے15825 انتقال کی خدمات فراہم کی جاچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موبائل اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر فرد اور انتقال کی خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے اوراب سائلین کے گھر بیٹھے ریونیو سے متعلقہ امورحل ہوں گے۔ بابر حیات تارڑ نے کہا کہ بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افرادکو گھر کی دہلیز پر اراضی ریکارڈ کی فراہمی صوبائی محکمہ بورڈ آف ریونیو کا شاندار اقدام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کیلئے موبائل اراضی ریکارڈ سنٹرز کا شیڈول متعلقہ تحصیل اراضی ریکارڈ سنٹرز پر آویزاں کیا جاتا ہے۔ اراضی ریکارڈ سسٹم میں جدید ریفارمز برسوں پرانے فرسودہ نظام کے خاتمہ کی جانب اہم قدم ہے۔ ای گورننس کے اس اقدام سے پنجاب میں پٹوار کلچر کا حقیقی طور پر خاتمہ ہوگا۔بابر حیات تارڑ نے کہا کہ سردار عثمان بزدارکے وژن کے مطابق محکمانہ اصلاحات سے کرپشن اورروایتی بوسیدہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔