سرگودھا(محمد نسیم چودھری نمائندہ نوائے جنگ ) چیک اینڈ بیلنس کے فقدا ن کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز کا سستا آٹا ،چینی اور گھی وسیع پیمانے پر کھلی مارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ریلیف نہ ملنے اور سٹورملازمین کے رویہ سے دلبرداشتہ صارفین سراپا احتجاج بن گئے ،تفصیل کے مطابق سرگودھا ریجن کے متعدد یوٹیلیٹی سٹوروں پر اشیائے خوردونوش خصوصا چینی، گھی اور آٹا مارکیٹ میں دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ عام آدمی کو دو سو روپے کی اشیاکی خریداری کے بعد ایک ایک پیکٹ گھی اور چینی کے دئیے جاتے ہیں جبکہ با اثر تاجروں کو یہ اشیاوافر مقدار میں دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
یہی اشیامارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کر کے شریف شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے ، گزشتہ روز ضلع کچہری روڈ پر واقع تحصیل کونسل کے سامنے واقع یوٹیلیٹی سٹور سے زائد چینی اور گھی کی سپلائی پر لائنوں میں کھڑے لوگوں نے پکڑا تو سٹور انچارج غریب صارفین پر ہی برس پڑا،اور انہیں چینی و گھی دینے سے صاف انکار کر دیا، جس پر وہ احتجاج کرنے لگے ، کسی کو بھی شکایت نہیں کر سکتے کیونکہ اوپر سے نیچے تک سب ملے ہوئے ہیں، عام صارفین کو صرف محدود مقدار میں چینی ، گھی دے کر زیادہ تر خو رد برد کیا جا رہا ہے ، قبل ازیں بھی اہل علاقہ نے پکڑا مگر کوئی ایکشن نہیں ہو سکا، مظاہرین نے وفاقی و صوبائی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔