لاہور میں فوج آگئی ، جوانوں نے سڑکوں پر گشت شروع کردیا

لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے پاک فوج کے جوانوں نے گشت شروع کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیئ بنائے گئے ایس اوپیز پرعمل درآمد کے لیے پاک فوج آگئی ، گلبرگ کے علاقے میں جوانوں نے گشت شروع کردیا جہاں پاک فوج کی گاڑیوں پر کورونا سے بچاؤ کے خصوصی پیغامات تحریر کیے گئے ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ گشت کے دوران پاک فوج کے جوان شہریوں سے کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کرائیں گے ، اس مقصد کے لیے جوانوں کی گاڑیوں پر کورونا سے بچاؤ کے پیغامات بھی تحریر کیے گئے ہیں ، جن میں لکھا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہماراساتھ دیں ، خود بچیں اور ملک کو بھی بچائیں ۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے ملک میں فوج کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ، وزیرداخلہ شیخ رشید نے سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے فوج کی تعیناتی کے نوٹی فکیشن کا اعلان کیا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے این سی سی اجلاس میں فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا تھا ، آج وزارت داخلہ کی جانب سے اس کا بقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، جس کے تحت گلگت ، آزادکشمیر ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوج کو لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے سندھ کے سوا ملک بھر میں فوج طلبی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہاہے ، ہم نے احتیاط نہ کی تو 2ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے ، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی ، میں نے فوج سے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں