کے پی کے:ویکسی نیشن کے باوجود طبی عملہ بدستور کورونا وباء کا شکار ہونے لگا

پشاور : خیبرپختونخوا میں ویکسی نیشن کے باوجود طبی عملہ بدستور کورونا وباء کا شکار ہونے لگا اور صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 61 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے سابق ڈی ایم ایس ڈاکٹر خیر محمد برکی کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے ، ڈاکٹر خیر محمد برکی پشاور کے ایک نجی ہسپتال کے کورونا آئی سی یو میں گزشتہ کئی دنوں سے زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے گزشتہ رات کو خالق حقیقی سے جاملے ، جس کے ساتھ ہی صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 61 ہوگئی جہاں کورونا ویکسی نیشن کے باوجود طبی عملے کے بدستور کورونا وباء کا شکار ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت تاحال برقرار ہے جہاں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں کورونا مریضوں کے لئے دستیاب سو فیصد وینٹی لیٹرز پر عالمی وباء کے مریض موجود ہیں ، پشاور میں خیبرٹیچنگ ہسپتال میں تمام 106 بیڈز بھی کورونا مریضوں سے بھر گئے ہیں ، جس کے بعد کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظربیڈز میں اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ گوجرانوالہ میں 88 فیصد وینٹی لیٹرکورونا مریضوں کے زیراستعمال ہیں

ملتان اور لاہورکے 81فیصدوینٹی لیٹر پر کورونامریضوں کا علاج کیا جارہا ہے جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران انتقال کرنے والوں میں 19وینٹی لیٹرزپرتھے ، بتایا گیا ہے کہ ملک بھرکے630 اسپتالوں میں کوروناکے5 ہزار 349 مریض داخل ہوئے ، جس کی وجہ سے مردان میں 77فیصد ، پشاور میں 74 فیصد اور گجرات میں71 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض موجود ہیں ، جب کہ گوجرانوالہ کے 85 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں