لاہور: رمضان بازاروں میں اب تک 10کلو آٹے کے 15لاکھ20ہزارتھیلے فراہم

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر نگرانی رمضان پیکیج کے تحت عوام کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور سستے رمضان بازاروں سے لوگوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ محکمہ صنعت و تجارت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر کے رمضان بازاروں میں اب تک 10کلو آٹے کے 15لاکھ20ہزار922تھیلے فراہم کئے گئے ہیں جس میں سے فی تھیلا 375روپے کے حساب سے 10لاکھ47ہزار597تھیلے فروخت ہوچکے ہیں۔اسی طرح شوگر ملز سے اٹھائی گئی 828,224,10کلو گرام چینی میں سے773,152,1کلو گرام چینی فروخت ہوچکی ہے۔

رمضان بازاروں میں چینی 65روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہے، رپورٹ کے مطابق رمضان بازاروں میں مرغی کا566,08,1کلوگرام گوشت جبکہ 6285درجن انڈے فروخت ہوئے ہیں۔مرغی گوشت کی رمضان بازاروں میں قیمت344روپے فی کلو گرام جبکہ کھلی مارکیٹ میں 354روپے رہی۔ اسی طرح انڈے رمضان بازاروں میں 160رو پے درجن اور کھلی مارکیٹ میں 165رو پے درجن کے حساب سے فروخت ہو ئے۔ رپورٹ کے مطابق رمضان بازاروں میں قائم زرعی فیئرپرائس شاپس پرآلو، پیاز، ٹماٹر، ایرانی کھجورسمیت13اشیا ڈی سی نوٹیفائی ریٹ سے 25فیصدکم نرخوں پر فروخت ہوئیں۔

رمضان المبارک کے دوران مانیٹرنگ کے لئے 1201پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔مجسٹریٹس نے 14اپریل کو16243انسپیکشنز کیں، اوور چارجنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر 3116700روپے کے جرمانے کئے، 166مقدمات درج ہوئے اور 116افراد گرفتار ہوئے۔ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ کے لئے 1358انسپیکشنز کی گئیں، 6 6 خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹرنگ کی جاری ہے۔کھلی مارکیٹوں اورحکومت رمضان بازاروں میں اشیا ضروریہ کی طلب ورسد، معیار اور قیمتوں پرکڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔انسداد گراں فروشی کے اداروں کو پوری طرح متحرک کردیا گیا ہے اورماہ رمضان میں کسی کو عوام کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں