شاہی خاندان سے اس قدر ناخوش تھی کہ خودکشی کے بارے میں سوچا

لندن : برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ مجھے شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا۔ انہوں نے یہ انٹرویو اپنے شوہر شہزادہ ہیری کے ہمراہ معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو دیا جس کا دورانیہ دو گھنٹے تھا۔ اس تہلکہ خیز انٹرویو میں میگھن مارکل نے کہا کہ مجھے شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا۔

میری اور ہیری کی شادی باضابطہ تقریب سے تین دن پہلے ہوچکی تھی۔ شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی۔ میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، میں نہیں جانتی تھی کہ شاہی خاندان کا فرد ہونا کیسا ہوتا ہے، میری کردار کشی کی گئی۔

شاہی خاندان سے متعلق تصور اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔ ملکہ برطانیہ سے پہلی ملاقات رسمی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں شاہی خاندان سے اس قدر ناخوش تھی کہ میں نے خود کشی کے بارے میں بھی سوچا کیونکہ میں نے ذہنی صحت کے حوالے سے شاہی خاندان سے مدد چاہی تھی لیکن میری مدد نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد شاہی خاندان کی تصویر کھنچوانے کے بارے میں پوچھا تک نہیں گیا۔ انہوں نے برطانوی شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ شاہی خاندان کے افراد نہیں چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا یا بیٹی شہزادہ یا شہزادی بنے۔

میگھن نے بتایا کہ میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، اور یہ ایک بالکل واضح، حقیقی اور خوفناک سوچ تھی، اور مجھے یاد ہے کہ ’ہیری نے اس وقت کس طرح مجھے سنبھالا اور میری مدد کی۔ شہزادی کیٹ سے معاملات سے متعلق سوال کے جواب میں میگھن نے کہا کہ ہ دعویٰ غلط ہے کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن میری وجہ سےغمزدہ ہوئیں۔ کیٹ مڈلٹن نے مجھ سے معافی مانگی، غلطی تسلیم کی اور پھول بھی پیش کیے۔

انٹرویو کے دوران شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ کا ذکر کیا اور کہا کہ شاہی خاندان کے ساتھ اختلافات کی بنیاد پر اپنی والدہ کی تکلیف سے متعلق سوچ کر میرا دل ٹرپتا ہے کیونکہ میں اور میگھن مرکل ایک ساتھ ہیں جبکہ میری والدہ شہزادی ڈیانا اس طرح کی صورتحال میں اکیلی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان نے جس طرح کا سلوک میری بیوی کے ساتھ کیا ، اُس سے میری والدہ بھی ناراض اور خفا ہوتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شاہی خاندان میں رہنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن میرے والد شہزادہ چارلس کی جانب سے بھی مجھے کوئی حمایت نہیں ملی۔ یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اعلان کیا تھا کہ وہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اب مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے کام کریں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی شادی کے بعد یہ افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں کہ شہزادہ ہیری اور ان کے بھائی ولیم کے تعلقات ٹھیک نہیں چل رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں