پشاور : پشاور میں خواجہ سرا کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقہ فقیر آباد چابیانو کلے میں ملزمان نے خواجہ سرا پر تشدد کر کے اسے گنجا کردیا۔ ملزمان نے خواجہ سرا کو رات گئے بلا کر زیادتی کا نشانہ بھی بنایا۔ خواجہ سرا نینا گذشتہ روز اپنی دوستوں کے ہمراہ پارٹی کے لیے گئی تھی جہاں سے واپسی پر اسے اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے تھانہ فقیر آباد میں واقعہ کی رپورٹ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز گوجرانوالہ میں دو خواجہ سراؤں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ شہزادی اور زینی نامی خواجہ سراؤں کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ اس سے قبل بھی خواجہ سراؤں پر تشدد کے کئی واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
گذشتہ ماہ معاشرے کے تلخ رویوں کا شکار ایک خواجہ سرا کو کچھ ملزمان بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سیالکوٹ میں بااثر افراد نے خواجہ سرا کو آہنی راڈ کے وار کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس افسوسناک واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی جسے دیکھ کر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔