راولپنڈی : بہن بھائی کو قتل کرنے والے 15 سالہ نوجوان نے خودکشی کر لی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ضلع راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں 15 سالہ لڑکے نے فائرنگ کر کے اپنے سگے بہن اور بھائی کو قتل کردیا تھا ، جبکہ فائرنگ سے اس کی ماں بھی زخمی ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کی حدود میں گزشتہ رات 15 سالہ احسن زیب نے فائرنگ کر کے 24 سالہ بھائی حسن زیب اور 18 سالہ بہن اسما اورنگزیب کو قتل کردیا ۔
مقتولین کی لاشیں کل صبح برآمد ہوئی جبکہ زخمی ماں کی شناخت نسرین بی بی کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم احسن زیب نے سگے بھائی اور بہن کو جھگڑے کے بعد فائرنگ کر کے قتل جبکہ والدہ کو زخمی کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تاہم تازہ ترین رپورٹس کے مطابق بہن بھائی کو قتل کرنے والے ملزم نے خود کشی کر لی ہے۔
ملزم احسن زیب کی نعش بھی مل گئی ہے۔ ملزم نے قتل کی واردات کے بعد موقع سے فرار ہوتے ہوئے وقت اپنی زندگی کے خاتمے کا عندیہ تھا۔ایچ ایس او مندرہ پولیس نفری کے ہمراہ موجود ہیں، فرانزک ٹیموں کو طلب کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔پولیس نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔تمام زاویوں پر تحقیقات اور فرانزک شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ملزم احسن زیب گیمز کھیلنے کا بہت شوقین تھا، جبکہ اس کے بھائی بہن اور گھر والے اس کے مخالف تھے اور اسے پڑھائی پر توجہ دینے کے لیے زور دیتے تھے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اقدام قتل کی نشاندہی نہیں کی ہے۔ ایس ایچ او مندرہ یاسر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ ملزم نویں جماعت کا طالب علم ہے، اور اس نے یہ جرم گھریلو تنازع کے باعث کیا ہے۔ تاہم معاملے کی تحقیقات کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔